ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / منگلورو میں تنویر سیٹھ کے ہاتھوں اقلیتوں کے لئے مولانا آزاد بھون کا افتتاح

منگلورو میں تنویر سیٹھ کے ہاتھوں اقلیتوں کے لئے مولانا آزاد بھون کا افتتاح

Mon, 31 Oct 2016 19:23:29    S.O. News Service

منگلورو 31/اکتوبر(ایس او نیوز) وزیراوقاف اور تعلیم برائے پرائمری و ہائی اسکول تنویرسیٹھ کے ہاتھوں پانڈیشور میں ڈپارٹمنٹ آف مائناریٹیز کی جانب سے نو تعمیر شدہ مولاناآزاد بھون کا افتتاح عمل میں آیا۔

اس موقع پر وزیر موصوف نے بتایا کہ اقلیتوں سے متعلقہ تمام معاملات کے دفاتر ایک ہی چھت کے اندردستیاب کروانے کے مقصد سے اس طرح کے بھون تعمیر کیے جارہے ہیں۔منگلورو سے پہلے اس طرح کے بھون باگلکوٹ اور کورگ میں تعمیر کیے جاچکے ہیں۔ایسے اقلیتی بھون میں ایس ایس ایل سی اور پی یو سی کے طلباء کے لئے دور رس نتائج والے منصوبے تیار کیے جاتے ہیں۔اس طرح کے دفاتر تعلقہ سطح پر بھی قائم کیے جائیں گے۔منگلورو کے اس اقلیتی بھون کی تعمیر پر 2کروڑ روپوں کی لاگت آئی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ لفٹ اور فرنیچر کے لیے مزید36لاکھ روپے جاری کیے جائیں گے۔جنوبی کینرا ضلع میں اقلیتوں کے لئے فی الحال 3پری میٹرک ہاسٹلس اور دو اقامتی اسکول موجود ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے اقلیتوں کے لئے مختلف سہولیات فراہم کی گئی ہیں، لیکن وہ عوام تک پہنچ نہیں پارہے ہیں ، ان کو عوام تک پہنچانے کا کام ہونا ہے ، مرکزی حکومت کی طرف سے 4لاکھ طلبا کو تعلیمی وظیفہ دیاجاتاہے، عرضی دینے والے تمام اقلیتی طلبا کو ریاستی حکومت کی طرف سے تعلیمی وظیفہ دیا جاتاہے، اب تک 1032000اقلیتی طلبا آن لائن کے ذریعے تعلیمی اسکالرشپ کے لئے عرضی داخل کئے ہیں۔ مسابقاتی امتحانات میں شرکت کے خواہش مند طلبا کو ہر طرح سے امداد دینے کاکام جاری ہے، اسی کے مدنظر 150 باصلاحیت طلبا میں سے 60 طلبا کو منتخب کرلیا گیا ہے، منتخب طلبا کا ایک عام ٹسٹ لیا جاتاہے ، جس میں سے چند ایک کو منتخب کرکے انہیں مسابقاتی امتحانات کے لئے تربیت دی جاتی ہے۔ تربیتی کورس کے دوران منتخب شدہ طلبا کو ماہانہ 8000  روپئے مشاہیرہ دینے کی بات تنویرسیٹھ نے کہی۔ اگر دکشن کنڑا ضلع کی بات کریں تو اب تک 98593 طلبا نے حکومت کی مختلف سہولیات سے استفادہ کیا ہے۔ جس کے لئے 43.4 کروڑروپئے خرچ کئے گئے ہیں۔ دکشن کنڑا کے لئے 4ہ اسٹل کی منظوری دی گئی ہے، زمین کی نشاندہی ہوتے ہی تعمیری کام شروع  کیا جائے گا۔ ۔اسی طرح انہوںنے وقف جائیداد کے متعلق کہا کہ 60 فی صد وقف املاک کا حکومتی سطح پر سروے مکمل ہوگیا ہے ، جس کسی نے بھی وقف املاک پر قبضہ کیا ہے ان کو نہیں بخشا جائے گا۔

 ٹیپو سلطان جینتی کے متعلق کہاکہ خواہ مخواہ ٹیپو سلطان کے متعلق ہنگامہ نہ کھڑا کریں، جس طرح کئی اور بزرگوں اور مجاہدین کی جینتی منائی جاتی ہے اسی طرح یہ بھی ہے ، ٹیپو سلطان ایک قابل ، مثالی حکمران تھے، تاریخ گواہ ہے کہ انہوں نے کئی مندروں کی حفاظت کی تھی ، ان کے عملی نمونے عوام کے سامنے رکھنا ضروری ہے ، یہ کام بڑے پیمانے پر ہونا چاہئے۔

مقامی ایم ایل اے مسٹر جے آر لوبو نے پروگرام کی صدارت کی۔وزیر جنگلات رماناتھ رائے، وزیر غذا یوٹی قادر،ایم ایل اے محی الدین باوا،بیاری اکیڈیمی کے صدر بی اے محمد حنیف اور بہت سارے عوامی نمائندے اور معززین نے اس جلسے میں شرکت کی۔


Share: